کرونا وائرس، لاڑکانہ میں زچگی کے دوران عورت فوت

لاڑکانہ (نامہ نگار، نور احمد عباسی) شیخ زید وومین ہسپتال میں کرونا کے شبہ میں زچگی کے دوران خاتون فوت ہوگئی۔ مدیجی کی رہائشی خاتون کو دو روز قبل شیخ زید وومین ہسپتال میں زچگی کے لئے لایا گیا تھا۔ علاج شروع ہونے سے قبل ڈاکٹروں نے کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا تھا۔
ایم ایس چانڈکا ہسپتال کا کہنا ہے کہ خاتون کے نمونے لے کر آغا خان لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں لیکن نتائج اب تک موصول نہیں ہوئے تاہم خاتون کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر مکمل انتظامات اور ایس او پیز کے تحت آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے بعد بچے کی پیدائش پر خاتون فوت ہو گئی اور ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے خاتون کی لاش قبضے میں لے کر بچہ ورثاء کے حوالے کردیا ہے۔اطلاع ملنے پر ضلعی افسر برائے صحت سید اطہر شاہ ڈاکٹروں کی ٹیم کے ہمراہ شیخ زید وومین ہسپتال پہنچ گئے جس کے بعد ہسپتال کو سیل کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ اس موقع پر سید اطہر شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کی تدفین مکمل کرونا پروٹوکول اور ایس او پیز کے تحت کی جائے گی۔
بعدازاں جاں بحق خاتون کی تدفین سرکاری ایس او پیز کے مطابق کر دی گئی۔ خاتون کا شوہر کراچی میں مزدوری کرتا ہے جبکہ وہ 7 بچوں کی ماں تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں