کرونا وائرس، گھوٹکی میں مقامی منتقلی کے کیسز میں اضافہ

گھوٹکی (نامہ نگار، جعفر شیخ) گھوٹکی میں کرونا وائرس کے مزید 16 کیسز کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد وائرس کی مقامی منتقلی کے مریضوں کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر محکمہِ صحت کی ٹیم نے اوباوڑو و ڈہرکی کے مختلف علاقوں سے 130 لوگوں کے نمونے لئے تھے جن میں سے 16 لوگوں میں کرونا وائرس مثبت آگیا ہے جبکہ 114 افراد کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد خالد سلیم نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ 13 لوگوں کا تعلق تحصیل اوباوڑو کے 8 دیہات سے ہے۔ ایک مریض ڈہرکی اور دو گھوٹکی سے ہیں۔ تمام مریضوں کو قرنطینہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ضلع میں 191 کیس رجسٹرڈ ہوئے تھے جن میں سے 118 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ ایک مریض جان سے جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کے قریبی رشتہ داروں سے نمونے حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ پانچ روز کے دوران 521 نمونے لئے گئے تھے جن میں سے 180 کے نتائج ابھی تک موصول نہیں ہوئے تاہم لوگوں کو وائرس سے بچاؤ کے لئے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہوں گی تا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں