کرونا وائرس، گھوٹکی میں مزید کیسز کا اضافہ

گھوٹکی (نامہ نگار، جعفر شیخ) ضلع میں مزید 11 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد گھوٹکی میں موجود مریضوں کی تعداد 83 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر محکمہِ صحت کی ٹیم نے ضلع کے مختلف علاقوں سے 211 نمونے لئے تھے جن کے نتائج آگئے ہیں۔ جاری کردہ نتائج کے تحت 11 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ 200 افراد کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد خالد سلیم نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ 5 لوگوں کا تعلق میرپور ماتھیلو سے، 4 کا اوباوڑو سے اور دو کا تعلق ڈہرکی سے ہے جن کو قرنطینہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے علاوہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنا ممکن نہیں ہے اس لئے لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے خاندان اور قوم کی خاطر گھروں میں رہیں اور ضروری کام سے نکلنے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں جو کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کا واحد ذریعہ ہے۔
میرپورماتھیلو میں کرونا وائرس کا شکار ڈاکٹر کے اہلخانہ کے مزید تین افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایک اور ڈاکٹر میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اس طرح ڈہرکی میں بھی ایک ڈاکٹر میں بھی کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں