وفاقی حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے آغاز کا اعلان کردیا۔


کراچی، ویب ڈیسک

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے سماجی اربطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘آج دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان پاکستان کی تمام نسلوں کے لیے تاریخی خبر ہے اور یہ ہماری معیشت کے لیے بھی بہترین ثابت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ‘ڈیم کی تعمیر سے 16 ہزار 500 ملازمتیں اور 4 ہزار 500 میگاواٹ پن بجلی بھی پید اہوگی۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ منصوبے سے 12 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی بھی سیراب ہوگی جبکہ تربیلا ڈیم کی زندگی 35 برس بڑھ جائے گی۔

واضح رہے کہ 4 جولائی 2018 کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی تھی، اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے ڈیمز کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد ڈیموں کی تعمیر سے متعلق مختصر فیصلہ سنایا تھا۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے ڈیموں کی تعمیر کے لئے رجسٹرار سپریم کورٹ کے نام عطیات کا خصوصی اکاؤنٹ بنانے کی ہدایت کی گئی۔ بعد ازاں اس فنڈ کا نام ‘سپریم کورٹ آف پاکستان اینڈ وزیراعظم دیامر بھاشا اینڈ مہمند ڈیم فنڈکردیا گیا تھا، جس میں اربوں روپے جمع ہوئے تھے۔

ایک سماعت دوران اس وقت کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا تھا کہ ڈیمز کی تعمیر بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے، ان کی تعمیر میں جو لوگ مخلافت کر رہے ہیں وہ کسی اور ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، بے شک کوئی کتنا بڑا ہی سیاست دان یا اپوزیشن لیڈر ہی کیوں نہ ہو، ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لیے زمین خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان واقع ہے، جس میں گلگت بلتستان کا علاقہ بھاشا اور کے پی کے کوہستان کا علاقہ دیامر شامل ہے۔

اس ڈیم سے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی بنائی جاسکے گی جبکہ یہ 6.4 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں