کرونا وائرس کے خلاف حکومتی پالیسی واضح ہے، وزیرِ خارجہ

کراچی (ویب ڈیسک) سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی حکومت پر حزبِ اختلاف کی جانب سے ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان اسلام آباد میں ہی موجود ہیں اور انسدادِ کرونا وائرس اقدامات سے متعلق دن رات کام کرنے میں مصروف ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمان کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس کرونا وائرس کے خلاف جامع پالیسی موجود ہے جس کی روشنی میں وزیرِاعظم چاروں وزرائے اعلیٰ کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ کرونا وائرس کے خلاف حکومتی پالیسی واضح ہے جس کو بنانے میں حزبِ اختلاف کو بھی اعتماد میں لیا گیا تھا۔
انہوں نےمزید کہا کہ لاک ڈاؤن ایک عارضی حل ہے جبکہ کرونا وائرس سے نجات کے لئے ویکسین ہی مؤثر حل ہے لیکن جب تک ویکسین بن نہیں جاتی ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم نے وائرس پر کس طرح قابو پایا ہے؟ اٹھارویں ترمیم سے متعلق انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے خاتمے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے تاہم اس کے کمزور پہلوؤں کا جائزہ لینے کی گنجائش موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں