کرونا وائرس، ویکسین کی تیاری کا عمل چین چوری کررہاہے، امریکہ

کراچی (ویب ڈیسک) کرونا وائرس سے متعلق امریکہ نے ایک مرتبہ پھر چین کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ امریکی تحقیقاتی اداروں نے چین پر الزام عائد کیا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے عمل میں چین رکاوٹیں پیدا کررہا ہے اور اس کی تیاری کو چینی ہیکرز کی جانب سے چوری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل اور نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹس میں کہا ہے کہ امریکی ادارے وفاقی بیورو برائے تحقیقات اور سائبر سیکیورٹی کے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے دوران چینی ہیکرز اس عمل میں دخل اندازی کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ چینی ہیکرز کی جانب سے معلومات کو نشانہ بنا کر کرونا وائرس سے متعلق ہونے والی تحقیق کو چوری کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے چین پر مسلسل یہ الزامات عائد کیئے جارہے ہیں کہ دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے کرونا وائرس کے پیچھے چینی شہر ووہان میں واقع ایک لیب کا کردار ہے جس نے دانستہ طور پر وائرس تیار کرکے دنیا کو تباہ کرنے کی سازش کی ہے جس کے بعد امریکہ اور چین کے مابین تعلقات کشیدہ ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں