اس سال ویکسین تیار نہیں ہوسکتی، ہمیں اس وائرس کے ساتھ رہنا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس سال تک کورونا وائرس کی کوئی ویکسین نہیں تیار ہوسکتی، ہمیں اس وائرس کے ساتھ رہنا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ مجھے ڈاکٹروں اور نرسز پر موجود دباؤ کا احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک جانب کورونا اور دوسری جانب معاشرے پر اثرات کو دیکھنا پڑتا ہے، اگر کوئی مجھے یقین دلادیتا کہ ایک یا 3 ماہ تک لاک ڈاؤن سے وائرس ختم ہوجائے گا تو اس سے بہتر کوئی چیز نہیں تھی ہم ملکی وسائل کا استعمال کرکے ایسا کرنے کی کوشش کرتے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماہرین کہہ رہے ہیں کہ اس سال تک کورونا وائرس کی کوئی ویکسین نہیں تیار ہوسکتی اور وائرس کا اس کے بغیر علاج نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن یہ ہے کہ لوگوں کو بند کردیں وائرس نہیں پھیلے گا لیکن وائرس ختم نہیں ہوگا، ووہان اور جنوبی کوریا میں دوبارہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں اس وائرس کے ساتھ گزارا کرنا ہوگا میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہم امریکا اور جرمنی جیسا لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں