کرونا وائرس، سندھ میں متاثرین کی تعداد 41 ہزار سے متجاوز

کراچی (ویب ڈیسک) ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 748 متاثرین کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سندھ میں اب تک کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 41 ہزار 303 ہو گئی ہے۔
وزیرِاعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 6 ہزار 995 ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے ایک ہزار 748 مثبت آئی ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مثبت آنے والے کیسز کی شرح 25 فیصد ہے جو ایک خطرناک صورتحال کی علامت ہے۔ وزیرِاعلیٰ سندھ کے مطابق گذشتہ ایک دن کے دوران صوبے میں کرونا وائرس سے مزید 17 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 696 ہوگئی ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے مزید بتایا کہ اس وقت سندھ میں 466 متاثرین ایسے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 71 متاثرین وینٹیلیٹر پر ہیں۔ سندھ میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہزار 896 بتائی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں