کرونا وائرس، سندھ میں یومیہ تین ہزار سے زائد متاثرین کا اضافہ

کراچی (ویب ڈیسک) سندھ میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد پچاس ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تین ہزار 38 متاثرین کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اب تک کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 46 ہزار 828 ہوگئی ہے۔
وزیرِاعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز صوبے بھر میں 10 ہزار 88 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے تین ہزار 38 نمونوں کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ سندھ میں کرونا وائرس کے باعث مزید 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 776 ہوگئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید بتایا کہ اس وقت سندھ بھر میں 636 متاثرین کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 79 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں تاہم گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ایک ہزار 40 افراد کرونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 47 ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں سندھ پہلا صوبا ہے جہاں یومیہ تیز ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہونے کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اور یہ ملک میں یومیہ سب سے زیادہ ہونے والا اضافہ بتایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں