نرم لاک ڈاؤن کے باعث کرونا سے ملک بچ گیا، وزیرِاعظم

کراچی (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متعلق پاکستان میں دنیا کی بنسبت حالات بہتر ہیں اس بات پر شکر ادا کرنا چاہئے۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے جس نے ماہرین کی آراء کی روشنی میں حکومت کی رہنمائی کی اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات کا نفاذ یقینی بنایا۔ حزبِ اختلاف کی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان جماعتوں کا مقصد ملکی معیشت کو پسپا کرنے کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں ہے اس لئے ان کی تنقید کا حکومت پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے مزید کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں دیکھنے کے بعد مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہورہا ہے جس نے بہترین انداز میں کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمتِ عملی بناکر اس پر عمل کیا۔ کرونا وائرس سے ملک کو بچانے کے پیچھے لاک ڈاؤن کی نرمی والا قدم تھا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کے مبصرین اور عالمی ادارہ برائے صحت نے پاکستان کے اندر حکومت کی جانب سے انسدادِ کرونا وائرس اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کی حکمتِ عملی کو غیرمؤثر قرار دیا ہے تو دوسری جانب پاکستان کے اندر عوام اور حزبِ اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے بھی حکومتی حکمتِ عملی پر شدید تنقید کی جارہی ہے جس کے باعث ملک میں کرونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے اورملک بھر میں تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں