سرحدی علاقے میں چین سے جھڑپ، افسر سمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک

کراچی، ویب ڈیسک

چین اور بھارت کے درمیان متنازع سرحدی علاقے لداخ میں چینی افواج سے جھڑپوں میں بھارتی افسر سمیت 3 فوجی مارے گئے۔

بھارتی اور چینی افواج کے درمیان لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر جھڑپیں گزشتہ رات ہوئیں جس میں ایک کرنل سمیت 2 بھارتی سپاہی ہلاک ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اور چینی افواج میں جھڑپیں گلوان ویلی کے علاقے میں ہوئیں۔

دوسری جانب چین نے فوجی تصادم کا ذمہ داربھارت کو قرار دیا اور اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز 2 بار سرحدی خلاف ورزی کی، چینی فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا اور اشتعال انگیزی پھیلائی جس کے نتیجے میں چینی اور بھارتی افواج میں سنگین تصادم ہوا۔

واضح رہے کہ مئی سے اب تک جوہری طاقت کے حامل ملکوں کے درمیان جاری تناؤ میں ہزاروں فوجی دستے آمنے سامنے آ چکے ہیں جس پر ماہرین نے انتباہ جاری کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی محاذ آرائی خطے میں ایک بڑے بحران کو جنم دے سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں