مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے: این سی او سی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ عیدالاضحیٰ کے لیے ملک بھر میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں کے اوقات صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت لاہور میںنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکا اجلاس ہوا جس میں صوبائی چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں مویشی منڈیوں کا انتظام اور ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں 700 مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں ، تمام متعلقہ افراد کو ایس او پیز فراہم کر دی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ دیہات اور شہروں کے درمیان مویشیوں اور افراد کی نقل و حرکت سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، کورونا کے پھیلاوَ کو روکنے کے لیے مویشی منڈیوں کا بہتر نظم نسق ناگزیر ہے، مویشی منڈیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاہم ان کا حجم چھوٹا ہوگا، مقررہ حد سے زیادہ سے لوگوں کو منڈی آنے کی اجازت نہیں ہوگی، شہر کے اندر کسی کو مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مویشی منڈیوں میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلوں کو یقینی بنایا جائے گا، مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے، مویشی منڈیوں کے داخلی راستوں پر اسکرینگ کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں