وفاق سندھ کے تین اسپتالوں سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے: بلاول بھٹو زرداری


کراچی (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے تین اسپتالوں کا کنٹرول لینے کے نوٹیفکیشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا اقدام صوبائی خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے۔ کراچی سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت عوامی غیظ و غضب سے قبل سندھ کے تین اسپتالوں سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے۔ پیپلز پارٹی ہر فورم پر وفاقی حکومت کے اس اقدام کی مزاحمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں حکومت سندھ کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ آنے تک کا انتظار بھی گوارا نہیں کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چیئرمین نیب کی جانب سے وفاقی وزراء کے خلاف تحقیقات روکنے کے اعترافی بیان اور وفاقی حکومت کے حالیہ اقدام نے ملک میں آئینی بحران کو ظاہر کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر، قومی ادارہ برائے صحت اطفال اور قومی ادارہ برائے امراض قلب پر سندھ کے عوام کے اربوں روپے لگے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں