چیئرمین ایف بی آر نے موجودہ ٹیکس نظام کو ملکی معیشت کیلیے خطرہ قرار دیدیا


اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی نے ٹیکس نظام کو ناقابل عمل قراردیتے ہوئے موجودہ ٹیکس نظام کو ملکی معیشت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیدیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے وزیراعظم عمران خان کو ملکی معیشت کو درپیش خطرے سے تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے 2 صفحات پر مشتمل خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ نظام آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار نہیں ہے، ٹیکس وصولی کا نظام جی ڈی پی کے 10 فیصد سے بھی کم ٹیکس اکٹھا کررہاہے، حقیقی آمدنی کے بجائے ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کے ذریعے ٹیکس اکٹھا کیا جارہا ہے جب کہ ملک میں بڑے پیمانے پرغیر ٹیکس شُدہ دولت جمع ہوچکی ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کاروباری لوگوں اور اداروں کی بڑی تعداد ٹیکسیشن سسٹم میں شامل ہونے سے گریزاں ہے، ملک کے 22 کروڑ لوگوں میں سے 20 لاکھ سے بھی کم لوگ ٹیکس گوشوارے جمع کرواتے ہیں، آبادی میں سے صرف ایک فیصد لوگ پوری ریاست کا بوجھ اٹھارہے ہیں، ملک میں صنعتی کنکشن رکھنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 41 ہزارہے، ان میں سے صرف 40 ہزار افراد سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ ہیں، رجسٹرڈ ایک لاکھ کمپنیوں میں سے صرف 50 فیصد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرواتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں