مہنگائی میں اضافے کی وجہ وزیر اعظم عمران خان نہیں: شیخ رشید


راولپنڈی (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے اپنے جھگڑے میڈیا پر نہ لائیں اس سے دکھ ہوتا ہے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم عوامی نمائندے ہیں اور ہمیں عوام میں رہنا ہے، ہم اعتراف کرتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی بڑھی، گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، مہنگائی میں اضافے کی وجہ عمران خان نہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ان سے مقابلہ ہے جن کے ہاتھ گندے ہیں، میں تحریک انصاف کا حصہ نہیں، تحریک انصاف کے معاملات ان ہی سے پوچھے جائیں لیکن پی ٹی آئی والے اپنے جھگڑے میڈیا پر نہ لائیں اس سے دکھ ہوتا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، ریلوے ٹھیک ہوگی تو ملک کی معیشت ٹھیک ہوگی، یقینی بنائیں گے کہ کوئی بغیر ٹکٹ کے سفر نہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں