قومی اسمبلی کا اجلاس حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے شور کی نذر ، بغیر کارروائی اجلاس ملتوی


اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی بجٹ پر بحث کے لیے قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس ہوا جو حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے شور شرابے کی نذر ہوگیا اور بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردیا گیا۔ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو بات کرنے کا موقع دیا تو ان کی تقریر شروع ہوتے ہی حکومتی ارکان نے شور مچانا شروع کردیا، فواد چوہدری، غلام سرور اور راجہ ریاض اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور اسپیکر سے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومتی ارکان کے رویے کو نامناسب قرار دیا۔ اسپیکر نے حکومتی ارکان سے کہا کہ تشریف رکھیں، اپوزیشن لیڈر کو بجٹ پربحث کا آغاز کرنے دیں۔ پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت کو پارلیمانی روایات کا علم نہیں، اسے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے، آپ تو کنٹینر دینے جارہے تھے، ایک ڈائس سے ڈر گئے۔ تاہم اسد قیصر ایوان کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔ ایوان میں شور شرابا اور ہنگامہ آرائی پر اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی دو بارہ ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں