بینک والوں کی شمولیت کے بغیر جعلی اکاؤنٹ نہیں کھل سکتا : چیف جسٹس


اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے ہیں کہ بینک والوں کی شمولیت کے بغیر جعلی اکاؤنٹ نہیں کھل سکتا اور جعلی اکاؤنٹس سے دیگر اکاؤنٹس ہولڈرز خوف اور عدم اعتماد کا شکار ہوتے ہیں۔ سپریم کورٹ میں جعلی بنک اکاؤنٹس کیس کے ملزم محمد انور کی اپیل کی سماعت ہوئی تو مدعی محمد انور نے سزا کیخلاف اپیل واپس لے لی۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ جعلی اکائونٹس کا معاملہ 1999 کا ہے اور اس کا موکل تین سال کی سزا سے زیادہ جیل کاٹ چکا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بنک والے اکاؤنٹ کھولنے میں بڑا احتیاط کرتے ہیں، لیکن جعلی شناختی کارڈ اور جعلی دستاویزات سے اکاؤنٹس کھل گئے، چیف جسٹس نے نیب اپیلیں چند ہفتوں میں نمٹانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ نیب ہائیکورٹ فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر تیاری شروع کر دے، نیب کی اپیلیں چند ہفتوں میں نمٹا دیں گے، نیب کی عدالت عظمی میں 100 اپیلیں زیرالتواء رہ گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں