اپوزیشن اے پی سی بلائے یا تحریک چلائے، کسی کو این آر او نھیں ملے گا: وزیر اعظم


اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ سے براھ راست کسی نے این آر او نہیں مانگا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ این آر او کے لیے مجھ سے براہ راست ربطہ نہیں کیا گیا، سب کو معلوم ہے کہ میں کرپشن کیسز پر سمجھوتا نہیں کروں گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے کوئی پروا نہیں، ہمیں کارکردگی سے جواب دینا ہے اور اراکین پارلیمنٹ عوام کو معاشی بحران کے ذمہ داروں سے آگاہ کریں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی سمت کا تعین کردیا اور بحران سے نکل رہے ہیں، اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجٹ منظوری قانونی تقاضا ہے اس لیے تمام اراکین ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے لیے ترقیاتی فنڈ میں اضافہ کیا ہے اور پاک فوج نے فاٹا اور بلوچستان کے لیے اپنی تنخواہوں کا اضافہ نہیں لیا۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں