حکومت کے مشکل اقدامات کی کامیابی کیلئے سب کو کردارادا کرنا ہو گا:آرمی چیف


راولپنڈی (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مشکل معاشی فیصلے نہ کرنے سے مسائل بڑھے، اقتصادی خود مختاری کے بغیر کوئی دوسری خود مختاری ممکن نہیں، انشا اللہ ان مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں قومی معیشت پر سیمینار سے سپہ سالار نے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں، معاشی کاوش کو کامیاب بنانے کے لئے سب کو ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی کامیابی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، اب ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے۔ وقت آ گیا ہے سب ایک قوم بن کر سوچیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح کے مذاکرے اور سیمینار انتہائی اہم ہیں۔ تمام تر مشکلات کے باوجود موجودہ معاشی حالات سے نکلنے کیلئے پر امید ہیں۔ سیمینار سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے معاشی امور ڈاکٹر سلمان شاہ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں