وزیراعظم نے اتنی بڑی غلطی کی ہے کہ لفظ سلیکٹڈ ان کی چڑ بن گیا ہے :شہباز شریف

اسلام آباد(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اتنی بڑی فاش غلطی کی ہے کہ لفظ سلیکٹڈ ان کی چڑ بن گیا ہے، معیشت کو لگی بیماری کا علاج ان ہاؤس تبدیلی نہیں بلکہ نئے انتخابات ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان اور ان کی ٹیم کا معیشت سے کوئی لینا دینا نہیں، وزیر اعظم اور ٹیم ناکام ہو چکی ہے اور واپس بھیجی جا چکی ہے اب سلیکٹڈ لوگ آ گئے ہیں ، معاشی ٹیم وہی چلا رہے ہیں۔ غریب آدمی علاج کے بغیر مر رہا ہے جب کہ ہمارے دور میں مفت معیاری دوائیاں فراہم کی جارہی تھیں، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی آواز بنیں گے،بجٹ میں ہمارا کوئی مطالبہ نہیں مانا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان 71 سالہ ملکی تاریخ کا جھوٹا ترین اور سلیکٹڈ وزیراعظم ہے، لفظ سلیکٹڈ نہ گالی ہے، نہ دشنام طرازی اور نہ ہی اخلاق سے گرا لفظ ہے بلکہ ڈکشنری کا مہذب لفظ ہے، وزیراعظم نے اتنی بڑی فاش غلطی کی ہے کہ لفظ سلیکٹڈ ان کی چڑ بن گیا ہے اور یہ چڑ قیامت تک ان کے ساتھ جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں