عمران خان نے خود مخبر بن کر رانا ثناء اللہ پر 15 کلو ہیروئن کا کیس بنایا ہے:شہباز شریف

لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے خود مخبر بن کر رانا ثناء اللہ پر 15 کلو ہیروئن کا کیس بنایا ہے۔ لاہور میں لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب رانا ثنا کے خلاف کک بیک کا کوئی کیس نہیں بنا سکا۔ شہباز شریف نے کہا کہ رانا ثنا کو جوڈیشل ریمانڈ پر ہونے کے باوجود پینے کا پانی اور کھانا نہیں دیا جا رہا، رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نے بتایا کئی گھنٹے کھانا لے کر کھڑے رہے، جیل انتظامیہ نے رانا ثناء کو کھانا پہنچانے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی کچھ عرصے پہلے ہارٹ سرجری ہوئی ہے، رانا ثناء اللہ کی کمر کے نچلے حصے میں بھی درد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء للہ کے کمرے میں رات کو پنکھا تک نہیں چل رہا تھا، عام قیدی کو بھی بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں کیا جاتا۔ شہباز شریف نے کہا عمران نیازی کی فسطائی سوچ اور بد ترین ہتھکنڈے سامنے آ چکے ہیں، عمران خان کے غصے کا سارا مرکز ن لیگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کو کچھ ہوا تو اس کے 100 فیصد ذمے داری عمران خان نیازی کی ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں