جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھنن کیس میں بلاول بھٹو زرداری کلیئر ، آصف زرداری کے خلاف ایک اور ریفرنس دائرکرنے کی منظوری

اسلام آباد(ویب ڈیسک)جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھنن کیس میں چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کلیئر ہوگئے جبکہ اسی کیس میں آصف علی زرداری کے خلاف بدعنوانی کا ایک اور ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دے دی گئی۔ قومی احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے اس کیس میں قومی خزانے کو 3.77 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کے معاملے میں پارک لین پیراتھنن ایک اہم کیس تھا جس میں (نیب) نے ابتداء میں بلاول بھٹو کو ملزم نامزد کیا تھا۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ نیب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے بلاول بھٹو زرداری سے اس متعلق پوچھ گچھ بھی کی تھی تاہم کیس کی تحقیقات میں بلاول بھٹو کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوسکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج نیب ہیڈکوارٹرز میں پارک لین کیس کے حوالے سے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے لیکن اس کیس میں بلاول کو کلیئر کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت نے گزشتہ روز جعلی اکاؤنٹس کیس کے بعد پارک لین کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی گرفتار ظاہر کی تھی۔ آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت 3 ارب روپے سے زائد ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں