نومبر میں کرتارپور راہداری کھولنے کیلئے سنجیدگی سے کام کررہے ہیں: بھارتی ہائی کمشنر

لاہور: پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا ہےکہ بھارت نومبر میں کرتارپور راہداری کھولنے کیلئے مکمل سنجیدگی کے ساتھ کام کررہا ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور سے پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں کرتارپور راہداری منصوبے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بھارتی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پر امن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں،کرتارپور راہداری منصوبے پر پاک بھارت مذاکرات اور پیش رفت خوش آئند ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتا ہے بھارت مذاکرات کی میز پر آئے۔اس موقع پر بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا کہ بھارت نومبر میں کرتارپور راہداری کھولنے کیلئے مکمل سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہا ہے، کرتار پور راہداری منصوبے کے حوالے سے بھارت میں موجود سکھوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔بھارتی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کرتارپور جیسے منصوبوں سے پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے قریب آئیں گے، کرتارپور میں کمپلیکس کے لیے اراضی بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں