شاہراہ کاغان پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند ہونے والی سڑکیں کھول دی گئیں

مانسہرہ: (ویب ڈیسک) شاہراہ کاغان پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر میاں بیوی جاں بحق ہوگئے جب کہ علاقے میں بند ہونے والی سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کا تعلق لیہ سے ہے جن کی لاشوں کو آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے مطابق گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے سے 8 مقامات پر خطرناک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث شاہراہ کاغان کو بند کردیا گیا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کاسامنا ہے لیکن بھاری مشینری سے پہاڑی تودے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، سیاح بابو سرٹاپ سے براستہ چلاس، کوہستان سے واپس جاسکتے ہیں۔دوسری جانب این ایچ اے حکام نے بتایا کہ شاہراہ کاغان پر جل کھڈ کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ کے بعد رکاوٹیں دور کرکے سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔ این ایچ اے کے مطابق ناران سے بابو سرٹاپ تک رکاوٹیں ہٹادی گئی ہیں اور متاثرہ مقام سے تقریباً ایک ہزار گاڑیوں کا انخلاء ہوچکاہے جب کہ آئندہ چند گھنٹوں تک تمام گاڑیوں کا انخلاء مکمل ہوجائیگا۔جل کھڈ اوربڑوائی کے درمیان گزشتہ روزلینڈسلائیڈنگ سےشاہراہ کاغان بند ہوگئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں