ایوانکا ٹرمپ کی پاکستان میں ‘خواتین کیلئے منصوبے شروع کرنے کی خواہش’

وزارت سمندر پار پاکستانیز کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانیز ذولفی بخاری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی اور مشیر خاص ایوانکا ٹرمپ سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں روزگار کی فراہمی، ووکیشنل ٹریننگ، معاشی ترقی کے منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایوانکا ٹرمپ نے خواتین کو بااختیار بنانےکے لیے پاکستان کو تعاون کی پیشکش کی۔وزارت سمندر پار پاکستانیز کے مطابق ایوانکا ٹرمپ نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان میں منصوبے شروع کرنےکی خواہش کااظہار کیا۔ذولفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانے میں ایوانکا ٹرمپ کی دلچسپی پر شکر گزار ہیں، پاک امریکا مشترکہ تعاون سے انسانی ترقی کے مواقع پیدا کریں گے جس سے مرد و خواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع مل سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک امریکا تعلقات درست سمت میں بڑھنا شروع ہوگئے ہیں اور آئندہ چند ماہ میں پاک امریکا سفارتی محاذ پر مزید کامیابیاں ملیں گی۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 21 سے 23 جولائی تک امریکا کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں