ذوالحج کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں عیدالاضحیٰ 12 اگست کو منائی جائے گی

کراچی(ویب ڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے جس کے بعد پاکستان میں عیدالاضحیٰ 12 اگست کو منائی جائے گی۔چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے بھی چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ لاہور، نواب شاہ، چھاچھڑو، سوات، کوئٹہ، ژوب اور دیگر مقامات سے چاند نظر آنے کے شواہد موصول ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جہاں اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کی۔ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے دیگر شہروں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔لاہور میں ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب طاہر رضا بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 4 مقامات سے چاند نظرآنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔طاہر رضا بخاری نے کہا کہ ناروول اور سیالکوٹ سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔اس کے علاوہ چھاچھرو، بدین، عمر کوٹ سمیت مختلف جگہوں سے بھی چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ روز ذوالحج کا چاند نظر آگیا تھا جس کے بعد وہاں آج یکم ذوالحج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں