مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر غور کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا۔بھارت کی حکومت نے گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کو خصوصی حیثیت فراہم کرنے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کردیا ہے۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں حریت کانفرنس کی قیادت سمیت بھارت کے حامی رہنماؤں کو بھی گرفتار کرلیا ہے، وادی میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس بھی معطل ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی بھارتی کوشش سے پیدا صورتحال پر غور ہوگا۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو پاکستان نے مسترد کردیا ہے، اس صورتحال میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں