بھارتی اقدام کیخلاف کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے ، 6 مظاہرین شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے خلاف کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف مقامات پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 مظاہرین شہید اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے۔ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد وادی میں سخت کرفیو کے باوجود بھی مختلف علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقوں سری نگر، پلوامہ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں مظاہرین نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کی مسنوخی کے خلاف احتجاج کیا۔ غاصب بھارتی فوج نے مظاہرین پر گولیوں، پیلٹ گنز اور آنسوگیس کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 6 افراد شہید اور 100 قریب افراد زخمی ہوئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے بھی سری نگر میں بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین پر گولیوں، پیلٹ گنز اور آنسوگیس کے بے دریغ استعمال کی تصدیق کی ہے۔وادی میں احتجاج کو روکنے کے لیے ٹی وی چینلز، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے جس کے باعث کئی اخبارات بھی نہیں چھپ سکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں