ملیحہ لودھی نے کشمیر پر اجلاس بلانے کیلئے وزیر خارجہ کا خط سلامتی کونسل کو دیدیا

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کو روکنے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خط اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر کو پہنچا دیا۔ ملیحہ لودھی نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا خط اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر اور پولش سفیر جوانا ورونیکا کو دیا جو 15 رکنی سلامتی کونسل کی رواں ماہ صدر ہیں۔مذکوہ خط میں سلامتی کونسل کی صدر سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا باضابطہ مطالبہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب ملیحہ لودھی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ کشمیر کے مسئلے کو سلامتی کونسل میں لے کر جا رہے ہیں، امید ہے کہ سلامتی کونسل جلد کشمیر کے مسئلے پر ملاقات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں بحث ثبوت ہے کہ کشمیر کبھی بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں تھا تاہم سلامتی کونسل کو کشمیر میں پابندیوں اور انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لینا ہوگا۔ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی پابندیوں اور کرفیو نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے لیکن امید ہے کہ کشمیر پر عالمی برادری حق اور انصاف کا ساتھ دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں