وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، نیب قوانین پر نظرثانی کی ہدایت

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کاروباری افراد اور بیوروکریٹس سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین پر نظرثانی کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت دیگر ملکی معاملات پر اہم فیصلے کیے گئے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ کابینہ نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال اورخطے میں امن کیلئے امریکی صدر ٹرمپ کا مصالحانہ کردار خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کو امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ٹیلی فونک رابطے پر بھی اعتماد میں لیا۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے نیب قوانین کی وجہ سے کاروباری برادری اور سرکاری افسران کو درپیش مشکلات پر تفصیلی غور کیا۔ان کا کہنا ہے کہ نیب کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں لہٰذا کابینہ نے کاروباری افراد اور بیوروکریٹس سے متعلق نیب قوانین پر نظرثانی کی ہدایت کی ہے اور آئندہ اجلاس میں اس پر مزید مشاورت بھی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں