سفاک مودی سرکار تمام کشمیریوں کو ستم کا نشانہ بنانے کی تیاریوں میں ہے: وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سفاک مودی سرکار تمام کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی سرکار کے قبضے اور اہل کشمیر پر ظلم کے خلاف حکمران جماعت تحریک انصاف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید رد عمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق نریندر مودی کی امریکا آمد کے موقع پر شدید احتجاج کیا جائے گا جس کی تیاریوں کیلئے وزیراعظم نے تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو ہدایت جاری کی ہے۔ ’دنیا ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں میں موجود بھارت کے جوہری ہتھیاروں کے تحفظ کا سوچے‘وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نیویارک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرے۔انہوں نے کہا کہ سفاک مودی سرکار تمام کشمیریوں کو ستم کا نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 17 روز سے بھارتی غاصب فوج کی جانب سے مکمل لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، وادی میں انٹرنیٹ، ٹیلیفون اور موبائل فون سروس معطل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں