حکومت آصف زرداری کو قتل کرنا چاہتی ہے، ہم عدالت جائیں گے:بلاول بھٹو زرداری

راولپنڈی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات فراہم نہ کرکے انہیں قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو کوئی سزا نہیں ہوئی، عمران خان نے اپنے مخالفین کو بغیرسزا کے قید کررکھا ہے، نیازی فاشسٹ ہے جومیڈیا اورجمہوریت پرحملہ کررہا ہے، نیازی مخالفین کی خواتین کوبھی گرفتارکررہا ہے، عمران کی بھول ہے انہیں اندازہ نہیں کہ پیپلز پارٹی ہر آمر سے ٹکرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم نے یہ سب ماضی میں بھی دیکھا ہے، آصف زرداری کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز کی تجویز پر عمل نہیں ہورہا، حکومت وقت زرداری کو میڈیکل سہولت نہ دے کر اور اپنے ہی ڈاکٹرز کی تجاویز نہ مان کر زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے، ہم اس پر عدالت جائیں گے، اگر ڈاکٹرز کی تجاویز پر عمل نہیں ہوتا اور جو لوگ اس پر عمل نہیں ہونے دے رہے، اگر زرداری کی صحت کو کچھ ہوا تو یہی نامزد لوگ قصور وار ہوں گے‘۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’فریال تالپور اسپتال میں موجود تھیں، انہیں رات غیر قانونی طریقے سے جیل لایا گیا، اب ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جارہے ہیں، نیازی نہ صرف سیاسی مخالفین کو نشانہ بنارہے ہیں بلکہ خواتین کو نشانہ بنارہے ہیں، ہماری ثقافت اور دین ہمیں خواتین کا احترام سکھاتا ہے، عمران نے چادر اور چار دیوار کو بھی پامال کردیا ہے‘۔ چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ ’عمران نیازی اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ ایسی حرکتیں کرکے سوچ رہے ہیں کہ وہ ہمیں توڑ دیں گے لیکن یہ ان کی بھول ہے، ہم نے اس ملک کو نسلیں دی ہیں، ہم اس کٹھ پتلی کے دباؤ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہر فورم پر نیازی کو بے نقاب کریں گے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں