پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی

اسلام آباد: عوام کے لیے خوشخبری، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، وزارت خزانہ کے مطابق قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن رات 12 بجے جاری کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 63 پیسے تک کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، یکم ستمبر سے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جسکے بعد نئی قیمت 113 روپے 24 پیسے فی لٹر ہو جائے گی۔ وزارت خزانہ کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 33 فی لٹر کمی کی گئی ہے، یکم ستمبر سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 127 روپے 14 پیسے فی لٹر ہو جائے گی۔ مٹی کا تیل 4 روپے 27 پیسے فی لٹرسستا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 99 روپے 57 پیسے ہو جائے گی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے فی لٹر کمی ہو گی جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 91 روپے 89 پیسے فی لٹر ہو گی۔ دوسری طرف سی این جی صارفین کے لیے بھی اچھی خبر ہے۔ سی این جی کی قیمتوں میں 4 روپے 40 پیسے فی لٹر کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا۔ سی این جی کی قیمتوں میں کمی پنجاب، اسلام آباد کے صارفین کے لیے ہو گی۔ ایل این جی کی قیمتیں گرنے کے باعث سی این جی سستی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی کی نئی قیمت 85 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے روایت سے ہٹ کر پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا، ٹویٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پٹرول 117 روپے 83 پیسے سے کم ہو کر 113 روپے 24 پیسے فی لٹر ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ اگست میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا تو وزارت خزانہ کی جانب سے بھی پہلی بار قیمتوں میں رد و بدل کا باضابطہ اعلان نہ کیا گیا بلکہ اسکی طرف سے آئل کمپنیوں کو براہ راست نئی قیمتوں سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سے میڈیا کو درست قیمتوں کے حصول میں خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں