پیراگون ہاوسنگ ریفرنس میں خواجہ برادران پر فرد جرم عائد

لاہور: احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق پر پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی میں بے ضابطگیوں کے الزام میں ریفرنس میں فرد جرم عائد کر دی، دونوں بھائیوں نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادران کیخلاف ریفرنس پر سماعت کی تو دونوں بھائیوں کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے درخواست دی کہ ریفرنس کی مکمل نقول فراہم نہیں کی گئیں، بغیر دستاویزات ریفرنس پر کارروائی قانون کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہوگی۔ نیب کے وکیل نے تمام دستاویزات پیش کر دیئے جس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔ احتساب عدالت کے جج نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق پر پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں بے ضابطگیوں کے الزام میں فرد جرم عائد کی۔ خواجہ برادران کی درخواست پر عدالت نے 13 ستمبر کیلئے نیب کو نوٹس جاری کر دیئے اور جواب مانگ لیا۔ درخواست میں احتساب عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا اور اعتراض اٹھایا کہ احتساب عدالت کو خواجہ برادران کیخلاف ریفرنس پر سماعت اختیار نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں