سندھ پنجاب سرحد پر دھرنا دے کر حکومت کو گھر بھیجیں گے، بلاول بھٹو زرداری

مٹھی(رپورٹ، جی آر جونیجو) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تھر بہادری اور حب الوطنی کا دیس ہے جہاں کی مارئی نے اپنے وطن سے محبت کا ثبوت دیا تھا۔ تھر ماضی میں خشک سالی کی لپیٹ میں رہا ہے اور آج صحرا کو سرسبز ہوتا ہوا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام کوٹ میں پیپلزپارٹی کے جلسہِ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جلسہ کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کٹھ پتلی اور جابر لوگوں کی حکمرانی عوام کے حقوق کو دبا رہی ہے۔ غریب عوام کا معاشی قتلِ عام کیا جارہا ہے۔ مزدور طبقہ بدحالی کا شکار ہے اور نوجوانوں کو روزگار نہیں دیا جارہا۔ صوبوں کو حقوق نہیں مل رہے۔ سندھ کا پانی بند کر دیا گیا ہے اور فنڈز نہیں دیے جا رہے جبکہ اب وہ کراچی پر قبضہ بھی کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اب اس کٹھ پتلی حکومت کو جلد گھر بھیجیں گے کیونکہ اس حکومت کو گرا کر اپنے ملک کو بچانا ہے اور اس حوالہ سے احتجاجی تحریک 18 اکتوبر سے شروع ہو چکی ہے۔ جلد سندھ پنجاب سرحد پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور عوام کو اپنے حقوق ملیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں