کرتارپور یاتریوں کے لئے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا

پاکستان اور بھارت کے مابین کرتارپور کوریڈور کو کھولنےکے لیے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔ معاہدے کے نتیجے میں بھارتی سکھ پاکستان میں واقع اپنے مقدس مقام کی یاترا کرسکیں گے۔ اس موقع پر پاکستان نے بھارت کو یقین دہانی کروائی کہ لنگر اور پرساد کا معقول انتظام کیا جائے گا۔ کرتار پور کوریڈور معاہدے کا اہم نکتہ پاکستان کی جانب سے فی یاتری 20ڈالر بطور سروس چارج عائد کرنے پر اصرار تھا۔ بھارت پاکستان سے فیس نہ عائد کرنے پر بضد تھا۔
بھارتی وزارت داخلہ نے سکھ یاتریوں کو یاترا کے حوالے سے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 13برس سے کم عمر کے بچےاور 75 برس یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ گروپ کی شکل میں سفر کریں۔
یاتریوں کو صبح میں سفر کرنا ہوگا اور اسی دن واپس لوٹ جانا ہوگا۔ کرتار پور آنے کے خواہشمند افراد کو زیادہ سے زیادہ گیارہ ہزار روپے لانے اور سات کلو کا ایک تھیلا ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی اور انہیں گوردوارے سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یاترا کے دوران ماحول دوست سامان ترجیحاً کپڑے کے تھیلے استعمال کرنا ہوں گے۔ گوردوارے اور اس کے مضافات کو صاف ستھرا رکھنا ہوگا۔ یاتریوں کو محظ کرتاپور صاحب کے ہی دورے کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ وہ باہر کسی جگہ نہیں جاسکتے۔
کرتارپور جانے کے خواہشمند یاتریوں کو مجوزہ تاریخ سے پہلے خود کو آن لائن رجسٹر کرانا ہوگا۔ بھارتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا مطلب قطعاً یہ نہیں ہوگا کہ سفر کی اجازت مل گئی ہے۔
یاتریوں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے ان کی رجسٹریشن کی تصدیق، ان کے سفر کی تاریخ سے تین، چار روز قبل دی جائے گی۔جبکہ ایک الیکٹرانک ٹریول اتھورائزیشن بھی جنریٹ کیا جائے گا۔ یاتریوں کے لیے ضروری ہوگا کہ جب وہ پسینجر ٹرمینل عمارت میں پہنچیں تو وہ اس الیکٹرانک ٹریول اتھورائزیشن کو اپنے پاسپورٹ کے ساتھ رکھیں۔
ڈیرہ بابا نانک، ضلع گورداسپور پنجاب میں واقع پسینجر ٹرمینل کی عمارت میں سگریٹ نوشی، تمباکو نوشی یا کچھ بھی پینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یاتریوں کو کسی بھی غیر متعلقہ چیز کو نہ چھونے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے اور انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی مشکوک چیز کی اطلاع حکام کو دیں۔ اونچی آواز میں موسیقی سننے یا بلا اجازت فوٹو گرافی کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کرتار پور صاحب کوریڈور کا باقاعدہ افتتاح 8نومبر کو کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں