خطے کے امن خراب کرنے والی کسی کوشش کا حصہ نہیں بنیں گے، میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی، پاک فوج کے ڈائریکٹر جنرل برائے تعلقات عامہ میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ایرانی جنرل پرحملے کے بعد خطے کےحالات میں تبدیلی آئی ہے اور اس حوالے سے امریکی وزیرِخارجہ مائیک پومپیو کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات ہوئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ خطے میں ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہونی چاہے۔ خطہ خراب حالات سے بہتری کی طرف جارہا ہے اور بہت قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہمارا خطہ گزشتہ چار دہائیوں سے سیکورٹی کے حوالے سے مشکلات کا شکار رہا ہے اور پاکستان کی خطے میں ایک حیثیت ہے۔ پاکستان نے خطے میں امن کے لئے ہر ممکن کام کیا ہے۔ امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، پاکستان نے افغان مصالحتی عمل میں کردار ادا کیا، پاک افغان سرحد کو محفوظ بنایا، خطے میں دہشت گردوں کو شکست دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے جارحیت دکھائی تو پاکستان نے دو طیارے گرائے اور بھارت کے خلاف پاکستان نے قابل فوج ہونے کا ثبوت دیا، امن کے لیے بھرپورکردارادا کریں گے لیکن اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے جب کہ افواج پاکستان ملک کا دفاع جانتی ہیں اور بھارت اس سے بخوبی آگاہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں