دیر نہ ہو جائے کہیں دیر نہ ہو جائے، فلائٹ آپریشن بند ہونے کے خطرے سے بعض کھلاڑی پی ایس ایل سےدستبردار

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ میں شامل بیرونی کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر فلائٹ آپریشن بند ہونے کی بنا پر لیگ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق لیگ کے قوانین کی روشنی میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کو لیگ سے دستبردار ہونے کا اختیار ہوتا ہے ۔ پی سی بی نے تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران انہیں دنیا میں تیزی سے پھیلنے والے کرونا وائرس کے متعلق آگاہ کیا تاہم ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے اٹھائےگئے اقدامات سمیت کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر لیگ میں شامل کچھ کھلاڑیوں نے فوری طور پر لیگ سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے واپس جانے کی تیاری کرلی ہے تاہم پی سی بی کے مطابق ان کے دستبردار ہونے سے لیگ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور بقایہ مقابلے معمول کے مطابق ہوتے رہیں گے۔
لیگ سے دستبردار ہونے والے کھلاڑیوں میں پشاورذلمی کے کوچ جیمز فوسٹر سمیت لیام لیونگسٹن، لیام ڈاسن، ٹام بینٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لوئس گریگوری، ملتان سلطان کے رلی روسو اور جیمز ونس اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے اور ٹائمل ملز شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں