ہنگامی حالات میں سندھ کی وزیرِ صحت کہاں غائب ہیں؟ نصرت سحر عباسی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سیخ پا

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی مرکزی رہنما و رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے تنظیمی دورے کا آغاز ٹھٹھہ سے کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات قریب ہیں جس کے باعث مختلف اضلاع کے دورے پر نکلے ہیں۔ اگر بلدیاتی انتخابات ہوئے تو پوری سندھ سے ہمارے نمائندے انتخابات میں حصہ لیں گے ۔
کرونا وائرس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے بڑے بڑے ممالک اس کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ وفاقی حکومت کے اقدامات اپنی جگہ مگر سندھ حکومت پر ہمیں تشویش ہے۔ سندھ کے ہسپتالوں کے حالات ابتر ہیں جہاں سہولیات اور ڈاکٹر وں کا فقدان ہے۔ اس وقت ایمرجنسی حالات ہیں لیکن ہماری وزیرِ صحت کہاں ہے ؟
اس موقع پر صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے امن و امان کی حالت بہت بری ہے، ہمارے منتخب نمائندے محفوظ نہیں ہیں۔ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری، صحافی عزیز میمن اور جھمپیر میں کولہی برادری کے پانچ افراد کا قتل حکومت کی ناکامی ہے۔ پیپلزپارٹی پولیس کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں