کرونا وائرس کے پیشِ نظر سندھ بھر میں ضلعی انتظامیہ متحرک، اجلاس منعقد

گھوٹکی (نامہ نگار، جعفر شیخ) کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مئنیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت و میونسپل کے افسران اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس دنیا بھر کے لئے ایک بہت بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے جس کی روک تھام کے لئے ہم سب کو متحد ہوکر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک صورتحال کنٹرول میں ہے اس کے باجود تمام متعلقہ محکموں کو ہنگامی حالات کا سامنہ کرنے کے لئے قبل از وقت تیاری مکمل کرنی ہوگی تاکہ مشکل ترین صورتحال میں بھی عوام کو رلیف فراہم کیا جاسکے۔
اسسٹنٹ کمشنرز کو پابند کیا گیا کہ کرونا وائرس کی روک تھام اور تحصیل سطح پر قرنطینہ قائم کرنےسمیت شہروں کو مکمل طور پر لاک ڈائون کرنے کے حوالے سے پلان تیار کیے جائیں جبکہ روزانہ کی بنیادوں پر شہروں کا دورہ کرکے پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

قمبر شہدادکوٹ سے نمائندہ یونائیٹڈ ٹی وی عامر علی کلہوڑو کے مطابق نصیرآباد میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے بھی ضلعی انتظامیہ تحرک میں نظر آئی۔ ڈی سی قمبر شہدادکوٹ جاوید علی جاگیرانی کے حکم پر اسسٹنٹ کمشنر نصیرآباد سید یار علی شاھ ایس ایچ او نصیرآباد نثار احمد نون نے پولیس پارٹی اور روینیو عملہ کے ساتھ شہر کے اندر کرونا وائرس کے متعلق عوامی آگاہی مہم چلا کر عوام کو کرونا وائرس کے خطرات سے آگاہ کیا اور گھروں تک رہنے کا پابند کیا۔

نوشہروفیروز سے یونائیٹڈ ٹی وی کے نامہ نگار عدنان عظیم نے بتایا ہے کہ ڈپٹی کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے ضلع میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور آگہی فراہم کرنے کے سلسلے میں علمائے کرام اور افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں کورنا وائرس کی وبا تیزی سے پھہل رہی ہے۔ اس سلسلے میں ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں جس کے لئے علمائے کرام ہماری مدد کریں اور لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے بار ے میں آگاہی دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے فوری طور پر مذہبی تقریبات اور تہواروں پر پابندی عائد کردی ہے ۔ انہوں نے علمائے کرام سے کہا کہ جمعہ کی نماز کھلے صحن میں پڑھائیں اور اردو کا خطبہ ختم کردیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس وقت ضلع میں 126 لوگ موجود ہیں جو جہاز یا سڑک کے راستے ایران، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے سفر کرکےآئے ہیں لیکن ان میں کوئی بھی کرونا کا مریض ظاہر نہیں ہوا ہے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار بہن نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کے لئے مل کر حکمتِ عملی بنانا ہوگی جس کے لئے احتیاطی تدابیر تمام ضروی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بحریہ کالج نوشہروفیروز اور گورنمنٹ ڈگری کالج مورو کے ہاسٹل ایمرجنسی کے لئے تیار ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو ٹینٹ سٹی بنا کر لوگوں کو وہاں منتقل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں