یونائیٹڈ ٹی وی انسدادِ کرونا مہم میں عملی طور پر پیش پیش

کراچی ، یونائیٹڈ ٹی وی انسدادِ کرونا مہم میں حکومتِ سندھ اور سماجی تنظیم کے ہمراہ پیش پیش۔ دو روز قبل یونائیٹڈ ٹی وی کی انتظامیہ اور عملے کی جانب سے سماجی میڈیا کے ذریعے عوام میں کرونا وائرس کے متعلق آگاہی دینے کے لئے “ہیش ٹیگ یونائیٹڈ اگینسٹ کرونا” یعنی “کرونا کے خلاف متحد ہیں” نامی ایک مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔ اپنی مہم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے سی ای او یونائیٹڈ ٹی وی میاں الیاس محمد عباسی نے آج رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات حکومتِ سندھ اور ایک سماجی تنظیم “سکھیجا فاؤنڈیشن” کے سپرد کردیں۔ اس موقع پر انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی اسپرے مہم میں بھی حصہ لیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کہ ہم اس نیک عمل میں حکومتِ سندھ اور سکھیجا فاؤنڈیشن کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے اپنی خدمات دے رہے ہیں۔ قوم کو ہمارے ان جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یونائیٹڈ ٹی وی کی جانب سے کرونا وائرس کی آگائی کے لئے شروع کی جانے والی مہم “یونائیٹڈ اگینسٹ کرونا” کو عملی طور پر کامیاب کرنے کے لئے ہم اپنی ٹیم کے ہمراہ اپنی خدمات انجام دیں گے تاکہ اس وبا کو مل کر ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ حکومتِ سندھ اور سکھیجا فاؤنڈیشن کے ہمراہ پورے سندھ میں جہاں بھی ہماری خدمات درکار ہوئیں، ہم اپنی ٹیم کے ہمراہ ان کے ساتھ کرونا جیسی عالمی وبا کے ساتھ جنگ کا حصہ بنیں گے۔ خیال رہے کہ یونائیٹڈ ٹی وی کی جانب سے کرونا وائرس کے خطرات کے باعث اپنا مرکزی دفتر بند کیا گیا ہے اور عملہ اپنے گھروں سے کام کرنے میں مصروف ہے۔ انتظامیہ کی جانب سےعملے کو اپنے کام کے ہمراہ سماجی میڈیا پر کرونا وائرس کے خطرات سے عوام کو آگاہی دینے کے لئے بھی پابند کیا گیا ہے۔
یونائیٹڈ ٹی وی نے اپنے تمام مہربان کرم فرماؤں کو اپیل کی ہے کہ کرونا کے متعلق آگاہی کے لئے سماجی میڈیا پر جاری ان کی مہم “ہیش ٹیگ یونائیٹڈ اگینسٹ کرونا” میں ان کا ساتھ دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں