صوبائی وزیر کے بھائی کی گاڑی سے شراب کی بوتلیں برآمد

کراچی (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر برائے آبپاشی، عشر و اوقاف سہیل انور سیال کے بھائی محمد طارق سیال کی گاڑی سے منشیات برآمد ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور کی مضافات میں ٹھیڑھی بائی پاس کے مقام پر سیاہ رنگ کی ایک ڈبل کیبن گاڑی نے کچھ گاڑیوں کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کی تو پولیس اور موٹروے پولیس نے مشترکہ طور پراسے روکنے کی کوشش کی جس پر گاڑی کے اندر سے بھی فائرنگ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم گاڑی کے اندر سے ہونے والی فائرنگ کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

گاڑی ڈرائیور کے قابو سے نکلنے کے بعد سڑک سے اتر گئی تو پولیس نے منظور بروہی نامی ڈرائیور سمیت تین ملزمان کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا۔ گاڑی سے بڑی مقدار میں شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی ہیں۔ گاڑی کی رجسٹریشن کی تفصیلات کے مطابق گاڑی پیپلزپارٹی رہنما و صوبائی وزیر برائے آبپاشی، عشر و اوقاف سہیل انور سیال کے بھائی محمد طارق سیال کی بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس، محکمہِ ایکسسائز و دیگر حکام گاڑی کے بااثر مالکان ہونے کے باعث اس خبر کو دبانے کی کوشش کررہےہیں تاہم یونائیٹڈ ٹی وی کی جانب سے قومی شاہراہ و موٹروے پولیس کا موقف جاننے کے لئے ڈی ایس پی خالد نواز شیخ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

دوسری جانب قومی شاہراہ و موٹروے پولیس بیٹ 27 کے دفتری فون پر رابطہ کرنے پر تفصیلات دینے سے انکار کیا گیا اور کہا گیا کہ تفصیلات دینے کے لئے ہمارے دفتر سے کچھ ہی دیر کے اندر فون کی جائے گی لیکندو گھنٹے گذرنے کے باوجود یونائیٹڈ ٹی وی کو تاحال فون موصول نہیں ہو سکی۔ کارروائی کرنے والے صوبائی حکومت کے تمام ادارے تفصیلات جاری کرنے سے گریزاں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں