سندھ میں آج رات 12 بجے سے 15 روز تک لاک ڈاؤن کا اعلان

کراچی (ویب ڈیسک) کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سندھ میں آج رات 12 بجے سے 15 روز کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اپنے ایک وڈیو پیغام کے ذریعے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس قدم کے لئے علماء، حزبِ اختلاف، گورنر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے۔ چین میں کچھ ہی دنوں کے اندر کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے لاکھوں افراد اور اٹلی کی حالات سے لگتا یہ ہے کہ اگر اس وائرس کو پھیلنے سے روکا نہیں گیا تو بہت نقصان اٹھانا پڑے گا۔
سندھ کی عوام سے شکوہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری اپیل پر عوام غیرضروری باہر گھومنے سے باز آجاتی تو انتہائی قدم نہ اٹھانا پڑتا لیکن یہ سب عوام کے ہی فائدے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، ایک گاڑی میں ڈرائیور کے ہمراہ صرف ایک شخص کے سفر کرنے کی اجازت ہوگی اور شہریوں کو گھروں سےنکلتے وقت اپنا شناختی کارڈ ہمراہ رکھنا ہوگا۔ ہسپتال جانے والے شہریوں کو اجازت ہوگی تاہم اشیائے خوردنوش کی دکانوں پر بھی شہریوں کو حسبِ ضرورت جانے کی اجازت ہوگی۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران تمام تر دفاتر و اجتماع گاہیں بند ہونگیں اور لاک ڈاؤن کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا جو آئندہ 15 روز تک جاری رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان 15 روز کے دوران عوام گھروں تک محصور ہوگی تو کرونا وائرس کے پھہلاؤ کو روکنے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں