گوادر حملہ: شہید ہونے والوں میں ہوٹل کے 4 ملازمین اورایک نیوی اہلکار شامل ہیں: آئی ایس پی آر


راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ گوادر آپریشن کے دوران 5 شہری بھی شہید ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز تین دہشت گردوں نے گوادر کے فائیو اسٹار پی سی ہوٹل پر حملہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گوارد آپریشن کے دوران تینوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔ گیٹ پر موجود گارڈ نے دہشت گردوں کو ہوٹل کے اندر داخل ہونے سے روکا، دہشت گرد ہوٹل کے مہمانوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے۔ آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ہوٹل میں مہمانوں اور ملازمین کا تحفظ یقینی بنایا گیا، دہشت گردوں کو ہوٹل کی چوتھی منزل کی گیلری تک محدود کیا گیا، مہمانوں اور عملے کو نکالنے کے بعد کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہوٹل کی سیڑھی میں دہشت گردوں نے فائرنگ کی، پاک فوج، بحریہ اور پولیس کی ٹیمیں بروقت ہوٹل پہنچیں۔ دہشت گردوں نے ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمروں کو ناکارہ بنایا اور ہوٹل کی چوتھی منزل پر بارودی سرنگیں بچھائیں، سیکیورٹی فورسز نے چوتھی منزل تک رسائی کے لیے راستہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 5 شہری بھی شہید ہوئے تھے، شہید ہونے والوں میں ہوٹل کے 4 ملازمین اورایک نیوی کا اہلکار شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں