کرونا وائرس، چینی ڈاکٹرز کے وفد کی وزیرِ اعلیٰ سندھ سے ملاقات

کراچی (ویب ڈیسک) وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چینی ڈاکٹروں کے 9 رکنی وفد نے ڈاکٹر ما منگھئی کی سربراہی میں ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر چینی ڈاکٹروں نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وائرس سے نجات کے لئے تب تک نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے جب تک عوام سماجی دوری اور نظم و ضبط کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ راشن اور امداد کی تقسیم کے وقت بھی اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ لوگ ایک دوسرے کے نزدیک نہ کھڑے ہوں۔
چینی ڈاکڑوں کے وفد کا کہنا تھا کہ چین سندھ کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہے تاہم انہوں نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو یہ بھی مشورہ دیا کہ لوگ اپنے گھروں میں کھڑکیاں کھول کر رکھیں تاکہ تازہ ہوا کا گذر ہو سکے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں آپ کی مکمل مدد اور رہنمائی کی ضرورت ہے، ہم اپنی ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھا رہے ہیں لیکن ہمیں آپ سے ریپڈ ٹیسٹنگ مشینری اور کٹس چاہئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں