مستحقین میں راشن کی فراہمی، جانئے ڈپٹی کمشنر خیرپور کی کارکردگی کیا رہی؟

کراچی (بیورو رپورٹ) سندھ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومتِ سندھ کی جانب سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے دوران ہزاروں افراد جن کا ذریعہِ معاش روزانہ کی کمائی پر ہوتا ہے، بیروزگار ہو چکے ہیں اور معاشی قتل کے دہانے پر ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومتِ سندھ نے اعلان کیا تھا کہ صوبہ بھر میں مستحقین کو راشن کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی اور حکومتِ سندھ کے ایسے اعلان کو صوبہ بھر میں پذیرائی ملی تھی۔
ان تمام تر اعلانات کے بعد حکومت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو رقوم کی فراہمی کی گئی تھی جس کے بعد تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ذمہ داری دی گئی تھی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مستحقین کی معاونت کریں۔ مختلف اضلاع میں ضلعی حکومتوں کی کارکردگی جاننے کے لئے یونوئیٹڈ ٹی وی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان سے تقسیم کیے گئے راشن کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔
کرونا وائرس کے دوران سندھ میں مستحقین کی مدد سے متعلق ڈپٹی کمشنر خیرپور نعیم سندھو کی یونائیٹڈ ٹی وی سے خصوصی گفتگو۔
ڈی سی کے مطابق خیرپور انتظامیہ کو حکومتِ سندھ کی جانب سے چار کروڑ 51 لاکھ روپے ملے تھے جن میں سے اب تک ضلع بھر کے مستحقین میں 22 ہزار 135 راشن کے تھیلے دیئے گئے ہیں تاہم مزید 12 ہزار 500 تھیلے جلد دیئے جائیں گے۔ ڈی سی نے مزید کہا کہ راشن کے ایک تھیلے پر حکومت کا بمعہ ٹیکس و کرایہ دو ہزار 65 روپے خرچہ ہوا ہے۔

ڈی سی کی جانب سے کی گئی وضاحت

یونائیٹڈ ٹی وی کی جانب سے ڈی سی خیرپور نعیم سندھو سے رابطہ کرنے پر ابتدائی طور پر انہوں نے بتایا کہ ضلع کے اندر راشن کی تقسیم کے پہلے مرحلے میں 9 ہزار 635 تھیلے تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں 12 ہزار 500 تھیلوں کی تقسیم پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے اضافی 2 کروڑ 51 لاکھ وصول ہونے پر 12500 تھیلے مزید دیئے جائیں گے۔
یونائیٹڈ ٹی وی پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی سی خیرپور نعیم سندھو نے ڈائریکٹر نیوز و حالاتِ حاضرہ یونائیٹڈ ٹی وی غفران سکندر کے ساتھ رابطہ کیا اور تصحیح کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دراصل 2 کروڑ 50 لاکھ روپے ملنے کے بعد تقسیم ہونے والے 12 ہزار 500 تھیلے وہی تھیلے تھے جو دوسرے مرحلے میں تقسیم ہو رہے ہیں۔ 12 اپریل سے شروع ہونے والی اس تقسیم میں پہلے دن 650 راشن کے تھیلے مستحقین تک پہنچائے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق ضلع میں تقسیم کیے گئے راشن کے تھیلوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 135 ہے جن کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور اب تک 10 ہزار 285 مستحقین تک راشن کے تھیلوں کی تقسیم مکمل کی جا چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں