مستحقین میں راشن کی فراہمی، جانئے ڈپٹی کمشنر ملیر کی کارکردگی کیا رہی؟

کراچی (بیورو رپورٹ) سندھ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومتِ سندھ کی جانب سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے دوران ہزاروں افراد جن کا ذریعہِ معاش روزانہ کی کمائی پر ہوتا ہے، بیروزگار ہو چکے ہیں اور معاشی قتل کے دہانے پر ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومتِ سندھ نے اعلان کیا تھا کہ صوبہ بھر میں مستحقین کو راشن کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی اور حکومتِ سندھ کے ایسے اعلان کو صوبہ بھر میں پذیرائی ملی تھی۔
ان تمام تر اعلانات کے بعد حکومت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو رقوم کی فراہمی کی گئی تھی جس کے بعد تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ذمہ داری دی گئی تھی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مستحقین کی مدد کریں۔ مختلف اضلاع میں ضلعی حکومتوں کی کارکردگی جاننے کے لئے یونائیٹڈ ٹی وی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان سے تقسیم کیے گئے راشن کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔
کرونا وائرس کے دوران سندھ میں مستحقین کی مدد سے متعلق ڈپٹی کمشنر ملیرشہزاد فضل عباسی کے ساتھ بارہا رابطے کی کوشش کی گئی لیکن موصوف نے موقف دینا گوارا نہ سمجھا۔
ذرائع کے مطابق ملیر انتظامیہ کو حکومتِ سندھ کی جانب سے چار کروڑ 9 لاکھ روپے ملے تھے جن میں سے ضلع بھر کے مستحقین میں 15 ہزار 300 راشن کے تھیلے تقسیم کیے گئے ہیں۔ اطلاعات کی تصدیق کے لیے یونائیٹڈ ٹی وی کی جانب سے ڈی سی ملیر شہزاد فضل عباسی کے ساتھ رابطے کی متعدد کوششیں کی گئیں لیکن ڈپٹی کمشنر نے موقف دینا گوارہ نہ سمجھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں