گورنر سندھ کا دورہِ ٹھٹھہ، احساس کفالت سینٹرز کا جائزہ

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جیسا ایماندار اور دیاندہار آدمی پاکستان کی سیاست میں قائدِاعظم محمد علی جناح کے بعد نہیں آیا جس نے ملک سے کرپٹ لوگوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی ابتداء کی اور اس وقت احساس کفالت پروگرام کے تحت ملک بھر کے غریب لوگوں کی مدد شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ صبر سے اپنی رقم وصول کریں اور کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ٹھٹھہ میں قائم مختلف احساس کفالت پروکرام مراکز کے دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کا احساس کرتے ہوئے احساس کفالت پروگرام کے تحت 12 ہزار روپے فی کس دینے کا پروگرام متعارف کروایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ عمران خان کے علاوہ یہ پروگرام کسی اور نے نہیں دیا۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا پروگرام ہے جو وزیر اعظم نے غریب لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث لوگ زیادہ تکلیف میں مبتلا ہیں، لاک ڈاؤن ہونا چاہیے لیکن حکمتِ عملی کے تحت۔ اگر ہم علاقوں کو سیل کریں گے تو یہاں لوگ غربت کے ستائے ہوئے ہیں اور ایسا کوئی طریقہ کار موجود نہیں کہ لوگوں کو سو فیصد راشن پہنچایا جا سکے۔ لہٰذا ہمیں لاک ڈاؤن پر نظر ثانی کرنی پڑے گی اور اس کو دیکھنا ہوگا کہ کس طرح ہم لوگوں کو گھروں تک راشن پہنچائیں اور اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ لوگوں کو مزید پریشانی نہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالتیں بڑے غور سے معاملات کو دیکھ رہی ہیں اور جہاں بھی کوئی کمزوری نظر آتی ہے خواہ وہ وفاق کی ہو یا کسی صوبے کی یا وزراء کی اس کی نشاندہی کرتی ہے جو ایک اچھی اور خوش آئند بات ہے اور ان کی رہنمائی میں معاملات کو بہتر کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جلد سندھ کا بھی دورا کریں گے۔
قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیرِ صدارت دربار ہال مکلی میں ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ افسران کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو ڈپٹی کمشنر محمد عثمان تنویر اور ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کی جانب سے کرونا وائرس سے متعلق لاک ڈاؤن اور راشن کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گونر سندھ نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو سختی سے ہدایت کی کہ غریب اور مستحق لوگوں کی بلا تفریق خدمت کو یقینی بنائیں کیونکہ غریب لوگوں کی خدمت عین عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لوگ مشکل میں ہیں۔ ان تک راشن اور مسحقین میں احساس کفالت پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کو ایمانداری سے یقینی بنائیں۔ بعد میں گورنر سندھ نے کیمبرج اسکول مکلی میں کرونا وائرس سے متعلق قائم آئسولیشن سینٹر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ملک یا کسی صوبے کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا معاملہ ہے۔ اس سے صرف احتیاط سے ہی بچا جا سکتا ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈپٹی کمشنر آفیس سجاول پہنچ کر ڈپٹی کمشنر محمد اسمٰعیل میمن، ایس پی سہائی عزیز تالپور و دیگر ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کی اور ضلع سجاول میں قائم مختلف احساس کفالت پروگرام مراکز کا دورا کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں