مجھے کوئی پروٹوکول نہیں چاہئے، وزیرِ اعلیٰ سندھ کا دورہِ سکھر

سکھر (نامہ نگار، علی کھوسو) وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایک روزہ دورے پر سکھر پہنچے جہاں انہوں نے شہر کا دورہ کیا اورلاک ڈاؤن کا جائزہ بھی لیا۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ صوبائی وزراء ناصر شاہ، مکیش چاولا اور امتیاز شیخ بھی موجود تھے۔ وزیرِاعلیٰ سندھ اپنی گاڑی خود ڈرائیو کرکے ایئرپورٹ سے شہر روانہ ہوئے۔ ان کے ہمراہ گاڑی میں صوبائی وزیر ناصر شاہ بھی تھے۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے شہر کے دورے کے دوران اپنی گاڑی سے اتر کر اپنے قافلے میں شامل پولیس موبائل واپس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کوئی پروٹوکول نہیں چاہئے۔ مجھے شہر کا جائزہ لینے دیں۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے شہر میں انسدادِ کرونا وائرس کیمیائی چھڑکاؤ کے جاری کام کی تعریف کی۔ وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دورے کے دوران مکی مسجد والے علاقے میں رک کر دکاندار کو ضروری ہدایات دیں کہ آپ گاہکوں کو ایک دوسرے سے دور دور کھڑا کریں اور سماجی دوری کو لازمی بنائیں۔ وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایس او پی کے حساب سے خود ڈرائیو کر رہے ہیں۔ پیچھے والی سیٹ پر ناصر شاہ بیٹھے تھے۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے کُل 4 گاڑیوں کے ساتھ سکھر شہر کا دورا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں