نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں کو عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانےکی ہدایت


لاہور(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو بےروزگاری ، ایمنسٹی اسکیم اور مہنگائی پر حکومت کے خلاف احتجاج کی ہدایت کردی ہے۔ کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے پارٹی کے اہم رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والے رہنماؤں میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال ،خواجہ آصف، پرویز رشید، رانا تنویر، طلال چوہدری، سائرہ افضل تارڑ اور عباس آفریدی شامل تھے۔ نوازشریف نے جیل واپسی پر لاہور کی تاریخی ریلی پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور نئے پارٹی عہدیداران کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔ پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو ملک کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی ملکی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سے عوام پریشان ہےاور ہمیں عوام کی آواز بننا ہے، اخبارات میں مہنگائی اور ڈالر کی اڑان کا پڑھ کر بہت پریشان ہوتا ہوں، آئی ایم ایف پیکیج کے بعد ڈالر کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے تھا، کسان اس مہنگائی میں پس چکا ہے، پیٹرول ،ڈیزل اور کھاد کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، حکومت نے عوام کے ساتھ جو رویہ اپنایاہے وہ کسی صورت قبول نہیں، مسلم لیگ (ن) اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں